ترکی میں فوجی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ جاں بحق

390

انقرہ: ترکی میں معمول کی تربیتی پرواز بھرنے والا فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ جاں بحق ہوگیا۔

بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی میں فوجی مشقوں اور اہم قومی تقریبات کے دوران فضا میں پرواز کی مہارت اور کرتب دکھانے والا طیارہ قونیہ کے فضائی اڈے سے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد لاپتہ ہوگیا تھا۔

قومی وزارت دفاع کے مطابق کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد طیارے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے دوران طیارے کا ملبہ قونیہ شہر کے وسط میں میدانی علاقے سے مل گیا۔

ترک ایئر فورس کے مطابق زمین بوس ہونے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی اور طیارے کے جلے ہوئے ملبے سے پائلٹ کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ حادثے کی وجہ کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

ترک وزارت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ  ٹویٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہماری فضائیہ سے تعلق رکھنے والا ایک این ایف 5 طیارہ ، جو کونیا میں تربیتی پرواز پر تھا ، نامعلوم وجوہ کی بناء پر 2 بجے حادثے کا شکار ہوگیا اور حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے’۔

دوسری جانب صدر طیب اردوان نے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے پائلٹ کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔