کراچی: بانڈز کی ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

335

کراچی: جمشید روڈ پر 3 کروڑ کے بانڈز کی ڈکیتی میں مرکزی ملزم 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا  ہے، ملزمان نے بلڈر کے رائیڈرز سے گن پوائنٹ پر 3 کروڑ کے بانڈز چھینے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے جمشید روڈ پر 3 کروڑ مالیت کے بانڈز کی ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم اپنے 2 ساتھیوں سمیت کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ڈھائی کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈز برآمد کرلئے ہیں۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے جمشید روڈ پر سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا ، تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ  ملزمان نوید  اور فرحان حیدرآباد فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جبکہ ان سے ڈھائی کروڑ روپے کے بانڈز برآمد کرلئے گئے ہیں۔

تفتیشی افسر نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہےکہ ملزمان کا 6رکنی گینگ ہے اور  مفرور ساتھیوں سے متعلق تفتیش کر رہے ہیں، جس پر عدالت نے ملزمان کو 4روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایس آئی یو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

یاد رہے 3 روز قبل کراچی کے علاقے جمشیدروڈ پر رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی جہاں مسلح ملزمان بلڈر کے رائیڈر سے  25ہزارمالیت کے 3کروڑ کے بانڈز چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

واضح رہے واردات جمشید روڈ نمبر 2 پر بینک کے باہر کی گئی تھی اور 4موٹرسائیکل پر 6 ملزمان سوار تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ بلڈر کے پاس3 روز قبل3 کروڑ روپے کی پیمنٹ آئی، پیمنٹ 25 ہزار روپے کے بانڈ کی شکل میں تھی۔