اسرائیل کی دمشق میں اسلحہ گودام پر بمباری، بھاری مقدار میں گولہ بارود تباہ

409

دمشق: شام میں انسانی حقوق کی صورت حال پر نظر رکھنے والے ادارے آبزرویٹری نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حملوں میں دمشق کے قریب متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے اور ان حملوں میں دمشق کےقریب ایران کے ایک بڑے اسلحہ گودام کو بھی تباہ کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  اسرائیلی حملوں میں دمشق کے قریب متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا،  شام کے فضائی دفاع نے دمشق پر اسرائیلی بمباری کا جواب دیتے ہوئے اسرائیل کے داغے گئے متعدد میزائل مار گرائے ہیں۔

عالمی میڈیا  کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں چار فوجی زخمی ہوئے ہیں جبکہ بڑی مقدار میں مالی نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہےکہ اسرائیل شام اور دوسرے ممالک میں ایرانی اہداف کو تواتر کے ساتھ نشانہ بنا رہا ہے جبکہ اس سے قبل منگل کے روز اسرائیل نے بحر احمر میں ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک فوجی جہاز ساویز کو نشانہ بنایا تھا۔

ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپ مشرقی ، جنوبی اور شمال مغربی شام اور دمشق کے اطراف کے مضافاتی علاقوں میں وسیع علاقوں پر قابض ہیں۔

یاد رہےکہ اسرائیل نے متعدد شامی علاقوں میں ایرانی فوج اور اس کے وفادار گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے اور حملوں میں شدت دیکھی گئی ہے جبکہ 13 جنوری کو مشرقی شام میں اسرائیلی بمباری سے ایرانی حمایت یافتہ اور سرکاری فوج کے کم سے کم 57 جنگجو ہلاک ہو گئے تھے۔