بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے،امیر جماعت اسلامی کراچی

399

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے ”حقوق کراچی تحریک جاری رہے گی، رمضان المبارک کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گے جوطویل بھی ہوسکتا ہے۔

ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے شعبہ نشرواشاعت کے تحت کالم نگاروں وڈائری رپورٹرز کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے مسلسل تحریک چلارہی ہے،”حق دو کراچی تحریک“نے عوام میں شعور پیدا کیاہے، عوام جماعت اسلامی کی کوششوں اور حقوق کراچی تحریک کا بھرپورخیر مقدم کررہے ہیں۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ کسی بھی پارٹی سے اتحاد نہیں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی جاسکتی ہے،آئندہ بلدیاتی الیکشن اپنے نشان ترزاوپر ہی لڑیں گے،”حقو ق کراچی تحریک“ کے مطالبات کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز اور قانونی حق کے حصول اور بے شمار مسائل کے حل کی ضمانت ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ  کراچی کی تباہی اور بربادی کی ذمہ داری پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پر عائد ہوتی ہے، یہ پارٹیاں یہاں مسلسل اقتدار میں رہی ہیں، پی ٹی آئی نے بھی دعوے اور وعدے تو بہت کیے لیکن ڈھائی سال میں اہل کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، پیکیجز کے نام پر بھی باربار دھوکہ دیا گیا۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک،نادرا، بحریہ ٹاؤن سمیت متعدد مسائل پر آواز بلند کی ہے اور عوام کو ریلیف بھی دلوایا ہے،سیاسی جماعتوں کا حال تو یہ ہے کہ جب میڈیا کسی مسئلے کو اٹھاتاہے تو وہ متحرک ہوجاتی ہیں اس کے بعد خاموشی اختیار کرلیتی ہیں مگر جماعت اسلامی ہر مسئلے پر نا صرف آوازبلند کرتی ہے بلکہ مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر بھی موجود رہتی ہے،ہمارے پاس اختیار اور اقتدار نہیں مگر اس کے باوجود ہم عوام کے مسائل کے حل کے لیے نکلے ہوئے ہیں۔