سندھ پولیس: افسران اور اہلکاروں کے لیے ویکسینیشن کا اعلان

318

کراچی: کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے سندھ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اے آئی جی ویلفیئر نے 50 سے 60 برس تک کے افسران و اہلکاروں کو رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کے اعلیٰ حکام نے کورونا وائرس کی مہلک ترین وبا پر قابو پانے کےلیے افسران و اہلکاروں کی بھی ویکسین کرنے  کا فیصلہ کیا ہے اور فیصلے پر عمل درآمد کےلیے 50 سے 60 برس عمر کے افسران و اہلکاروں کو رجسٹریشن کروانے کا حکم دے دیا ہے۔

ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) ویلفیئر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سے ویکسی نیشن سینٹرز میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی درخواست کی ہے اور فیلڈ فورس کے ساتھ ساتھ دفتری اسٹاف کو بھی کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔

اے آئی جی نے مزید بتایا کہ سندھ پولیس کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہی ہے ، کورونا سے متاثرہ سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 366 سے تجاوز کرگئی ہے۔

اے آئی جی ویلفیئر کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کے خلاف فرض کی ادائیگی کے دوران 24 پولیس افسران و اہلکار انتقال کرچکے ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ 6 ہزار 297 افسران واہلکار صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اے آئی جی ویلفیئر نے فیلڈ فورس کے ساتھ دفتری اسٹاف کو بھی ویکسین لگوانے کےلیے تمام ڈسٹرکٹ اور رینجرز کے افسران کو مکتوب لکھ دیا ہے اور  یومیہ بنیادوں پر رپورٹ بھی طلب کرلی گئی ہے۔

دوسری جانب  نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 329 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 98 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 2 ہزار 610 مریض شفایاب ہو گئے جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 اعشاریہ 69 فیصد ہو گئی۔

واضح رہے  ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124 ہو گئی ہے، کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 5 ہزار 517 ہو چکی ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 49 ہزار 816 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب تک کُل 1 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 877 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہےکہ کورونا سے متاثرہ سندھ پولیس افسران و اہلکاروں کی تعداد 6366 ہے جس میں سے 24 پولیس اہلکار کورونا کے خلاف فرض کی ادائیگی کے دوران جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 6297 پولیس افسران و اہلکار صحتیاب ہوچکے ہیں۔