کثیر ملکی عسکری مشق ایسز میٹ 2021 اختتام  پذیر

588

اسلام آباد: دو ہفتوں سے جاری  کثیر ملکی عسکری مشق ایسز میٹ 2021 پاک فضائیہ کے ایک آپریشنل بیس پر اختتام پذیر ہو گئی، اس سلسلے میں اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں  سعودی سفیر  نواف سعید المالکی شریک ہوئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کثیر ملکی عسکری مشق ایسز میٹ 2021 کی اختتامی تقریب سے بیس کمانڈائیر کموڈور علی نعیم ظہور نے کہا کہ اس مشق نے  باہمی تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔

بیس کمانڈائیر کموڈور کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کو کائونٹر ٹیررازم کے حوالے سے اپنے تجربات میں سعودی اور امریکی فضائیہ کو شریک کرنے پر انتہائی مسرت ہے، ان مشقوں کے کامیاب اور بامعنی انعقاد سے ہم نے اپنے اس عزم کا بھرپور اعادہ کیا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود ہم دوست اور اتحادی ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ  کورونا کے باوجود کامیاب عسکری مشقوں کے انعقاد پر پاک فضائیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،امریکی ائیر اتاشی کرنل والن ڈیوڈ نے بھی مشقوں کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔

اس مشق میں پاکستان ،امریکہ  اور سعودی  عرب کی فضائیہ نےبھرپور حصہ لیا،مصر، اردن اور بحرین کی فضائیہ نےبطور مبصر مشقوں میں شرکت کی۔