پچھلے قرضوں کی وجہ سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں: وزیراعظم

314

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکومتوں نے ایسے قرض لیے جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں، ہماری معیشت پر قرضوں کا دباؤ ہے۔

فراش ٹاؤن اپارٹمنٹس کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خوشی ہے فراش ٹاؤن کے تحت وسائل سے محروم طبقے کو 2000 گھر فراہم کیے جائیں گے ۔کامیاب کوششوں اور منظم مذاکرات کے ذریعے ذاتی گھروں کے حصول کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی ڈی اے نے اس منصوبے پر بہت کام کیا۔ ایف ڈبلیو او نے قلیل عرصے میں کرتارپور راہداری مکمل کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2 ہزار فلیٹ اس طبقے کو مل رہے ہیں جو اپنے گھر کا تصور نہیں کرسکتا تھا۔ 600 گھر کچی آبادی کے لوگوں کو دے رہے ہیں۔ کچی آبادیوں میں سیوریج سسٹم ہے نہ پینے کا صاف پانی۔

عمران خان نے کہا کہ لوگوں کے پاس پیسہ نہیں ہوتا اس لیے کچی آبادی بن جاتی ہے۔ غریب آدمی کو اپنا گھر بنانے کے لیے سستے قرضے فراہم کیے ہیں۔ سستے گھروں کے لیے کئی مراحل طے لیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کے لیے بینک بھی تیار ہیں اور اسکیمیں بھی لانچ ہو رہی ہیں۔ لوگوں کو قرضے دیں گے۔

عمران خان نےکہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کو وسط ایشیائی ممالک سے منسلک کرے گا۔