اسلام ہی عورت کو حق اور قابل قدر مقام دیتا ہے ‘ دردانہ صدیقی

161

کراچی(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام کے مخالفین مسلمان عورت کا پریشان حال ، دہشت زدہ اور امتیازی سلوک سے مسخ شدہ چہرہ ہی پیش کرتے ہیں ،لیکن درحقیقت میں اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جو عورت کو مساویانہ حقوق ، باعزت القاب و مقام اور معاشرے میں قابل قدر رتبہ دیتا ہے۔قرون اولیٰ سے ہی انبیا علیہم السلام کی خواتین بی بی حاجرہ ، بی بی مریم ، بی بی آسیہ اور امہات المومنین حضرت خدیجہ ، حضرت عائشہ رضوان اللہ علیہم اور باغ جنت کی سردار حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا نے جرا¿ت وبہادری اور علم و ذہانت سے مردوں کے شانہ بشانہ ہر شعبہ زندگی میں مثالی کردار پیش کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل مسلم ویمن یونین کے سالانہ اجلاس منعقدہ بعنوان ”کووڈ 19 میں خواتین کی لیڈر شپ “سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں 29 ممالک کی 34 مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ 190 سے زاید افراد نے شرکت کی۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی باکردار خواتین نے کووڈ 19 کے صبر آزما مراحل کے دوران نہ صرف دینی ، طبی ، تعلیمی اور معاشرتی سرگرمیوں کو بطریق احسن مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ جاری رکھا بلکہ مسائل زدہ خواتین کی نفسیاتی اور معاشرتی رہنمائی کا فریضہ بھی بحسن خوبی سر انجام دیا ۔ تاریخ یاد رکھے گی کہ اس مشکل موڑ پر لاکھوں خاندانوں تک طبی و مالی امداد، راشن ،جہیز اور ضروریات زندگی پہنچانے والی خواتین شعبہ الخدمت جماعت اسلامی کی ہی خواتین تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام مسلم خواتین کی ذمے داری اور اخلاقی فرض ہے کہ عالمی سطح پر اس تصور کو مکمل دلائل اور مثالوں سے واضح کیا جائے کہ اسلام ہی اس وقت دنیا کا واحد مذہب ہے جو عورت کو مکمل حقوق اور اس کے شایان شان مقام و مرتبہ عطا کرتا ہے اور اس حوالے سے مکمل چارٹر فراہم کرتا ہے۔