سندھ کی گیس دیگر صوبوں کو دینا متعصبانہ اقدام ہے ،صوبائی وزیر تجارت

226

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے صنعت تجارت، انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ سندھ کی صنعتوں کے لیے وفاق کی جانب سے گیس کی بندش تعصبانہ اقدام ہے، سندھ کے صنعتکاروں اور گھریلو صارفین کو اس سہولت سے محروم کیے جانے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔سندھ 70 فیصد گیس پیدا کرنے والا صوبہ ہے جہاں سے نکلنے والی گیس سے دوسرے صوبوں کی صنعتیں اور چولہے چلتے ہیں لیکن سندھ ہی کو گیس نہیں مل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج شہباز ھال حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہمیں احتجاج کرنا پڑے، سندھ سے گیس نکلتی ہے لہذا پہلا حق سندھ کا ہے جبکہ فی الفورسندھ سے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف سیاسی جماعتیں پروپیگنڈا کررہی ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ڈیل کی ہے اگر پی پی کو ڈیل کرنی ہوتی تو ذوالفقار علی بھٹو پھانسی پر نہیں چڑھتے، بے نظیر بھٹو شہید نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے، اس نااہل حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، عوام سے جھوٹے وعدے کیے، یوٹرن حکومت کا جلد خاتمہ ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میںصوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ مافیا کے خلاف لڑ رہے ہیں جبکہ مافیا زان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں، آٹا، چینی ،پیٹرول کی قیمتوںکو پر لگانا ان ہی مافیاز کی کارستانی ہے،جب تک عمران خان ان مافیاز سے جان نہیں چھڑائیں گے تب تک مہنگائی کو کنٹرول نہیں کیا جا سکتا۔