مدارس کےخلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ،حافظ نعیم

109

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ نا اہل حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے دباو پر شاہ سے بڑھ کر شاہ کی وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے بیرونی قوتوں کی خوشنودی کے لیے مساجد و مدارس پر قدغن سمیت وہ کام کرنے شروع کردیے ہیں،جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے،موجودہ حکومت کسی خوش فہمی میں نہ رہے علما کرام اور عوام ایسی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے،جماعت اسلامی نے حکومت اور اقتدار میں نہ ہونے کے باوجود عوام کی خدمت کی ہے۔ الخدمت نے کورونا وبا، طوفانی بارشوں میں متاثرین کی امداد و بحالی سمیت گراںقدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ مسائل کے حل کی جدو جہد اور عوامی خدمات کا عمل جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے شاہ لطیف ٹاون میں جماعت اسلامی ضلع ملیر و الخدمت ویمن ونگ کے تحت قائم کیے گئے ”الخدمت خواتین کمیونٹی سینٹر“ کی افتتاحی تقریب اورجامعة الہدیٰ نارتھ کراچی کی سالانہ تقریب سعید تکمیل حفظ قرآن،تقسیم اسناد و انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام، صدر پبلک ایڈ کمیٹی ضلع ملیرقدر گل، ناظم الخدمت ضلع ملیرخلیل الرحمن اور ناظم علاقہ شاہ لطیف ٹاون مفتی محمد قاسم ضیا جبکہ سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے جمعیت اتحاد العلما کراچی کے صدر مفتی علی زمان کشمیری، جامعة الاخوان کے مدیر و جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید اور مدیر جامعة الہدیٰ مولانا حبیب احمد حنفی نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ الخدمت نے بلا تفریق رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی اسی مشن پر قائم رہے گی۔الخدمت رمضان المبارک میں بھی صاحب ثروت عوام اور اہل خیر کے تعاون سے مستحق افرادکی مدد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات غیر شرعی اور غیر آئینی ہیں مغرب کی خوشنودی اور بیرونی قوتوں کے اشاروں پر یہ کام ہورہا ہے، حکومت کومتنبہ کرتے ہیں کہ غیر شرعی،غیر اسلامی و غیر آئینی اقدامات سے باز رہے بصورت دیگر ہر سطح پر احتجاج بھی کیا جائے گا اور اس کے خلاف مو¿ثر و بھرپور آواز بھی اٹھائی جائے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے جامعة الہدیٰ کی پوری ٹیم، اساتذہ کرام اور والدین کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں طلبہ کا قرآن مجید کو اپنے سینوں میں محفوظ کرنا اللہ کا بہت بڑا احسان ہے، حفاظ طلبہ کے والدین کو کل قیامت کے دن سونے کا تاج پہنایا جائے گا یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے جہاں یہ اعزاز کی بات ہے وہیں یہ بہت بڑی بھاری ذمے داری بھی ہے کہ اس کو یاد رکھا جائے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کو اپنی زندگی میں نافذ العمل کیا جائے اس کے حقوق ادا کیے جائیں اور جس مقصد کے لیے یہ کتاب اللہ نے بھیجی ہے اس پر عمل کرتے ہوئے اس کو دستور العمل بنایا جائے۔محمد اسلام نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ضلع ملیر میں وہ تاریخی کام انجام دیے ہیں کہ جن کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔شاہ لطیف اور ملحقہ آبادیوں کو اسکول، ڈسپنسری سمیت کسی بھی حکومتی سہولیات کا میسر نہ ہونا ظلم ہے اور ہم ایسے ظلم و زیادتی کو کسی بھی طور پر برداشت نہیں کریں گے۔مفتی علی زمان کشمیری نے کہا کہ قرآن ایک زندہ جاوید معجزہ ہے اور اس کا سب سے بڑا معجزہ یہ ہے کہ یہ ہمارے درمیان آج بھی بغیر کسی تبدیلی کے موجود ہے ۔ تقریب میں امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ان میں انعامات تقسیم کیے گئے ،تقسیم نگران الخدمت مدارس تفہیم القرآن قاسم رشید، جامعةالامام نعمان بن ثابتؓ کے نائب مدیر و ناظم تعلیمات مولانا عرفان عادل اور شعبہ سیکنڈری اسکول و کالج کے کو آر ڈینیٹرمحمد ندیم نے بھی طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔اس موقع پر امیر ضلع شمالی محمد یوسف،سیکرٹری ضلع شمالی عرفان احمد،صدر منتظم کمیٹی جامعة الہدیٰ طارق مجتبیٰ،صدر منتظم کمیٹی جامعة الہدیٰ افسر رزاق،سمیت طلبہ کے والدین،عزیز و اقارب، اہل محلہ کی کثیر تعداد موجودتھی۔