حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے ‘ مسائل میں اضافہ ہوا، حسین محنتی

121

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی مایوس کن اور ملک و قوم کے مسائل میں مزیداضافہ ہوا ہے۔ سینیٹ الیکشن اور اس کے بعد کی صورتحال میں اپوزیشن کے انتشار سے عوام کو مایوسی اور حکومت کو سہارا ملا ہے۔بے روزگاری و کمر توڑ مہنگائی کے بعد اسٹیٹ بینک کو سپرد کرنے سے آئی
ایم ایف کی گرفت ملک پر بڑھ رہی ہے جو کہ انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے۔ جماعت اسلامی آج اسلام آباد میں سیاسی و معاشی ماہرین پر مشتمل گول میزکانفرنس میں اہم فیصلے اور” گو آئی ایم ایف گو تحریک“ کو آگے بڑھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس کے دوران کیا۔ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ نے امیر جماعت کے دورہ سندھ سمیت فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ کورونا ایک وبا و آزمائش ہے مگر اس سے معاشی سرگرمیوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اسکول بند ہونے سے بچوں کی تعلیم متاثر جبکہ کاروبار بند ہونے کی وجہ سے لوگ بے روزگار ہوجائیں گے۔ اس لیے احتیاط اور کاروبار زندگی ساتھ ساتھ چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان مغفرت اورا نفاق فی سبیل اللہ کا مہینہ اور اجتماعی و انفرادی اصلاح کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ بڑے پیمانے پر استقبال رمضان کے بعد افطار پارٹیوں و اجتماعات کی منصوبہ بندی کی جائے۔