احتساب میں دوست یا دشمن نہیں دیکھے جاتے‘ شبلی فراز

208

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مافیا ہمارے دور میں نہیں آیا بلکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی مافیا کی سرپرستی کرتی آئی ہیں اور انہوں نے مافیا کو پروان چڑھایا‘ ملک کی ترقی، قانون کی بالادستی اور ملک سے مافیا کا خاتمہ تحریک انصاف حکومت کا مشن ہے‘ کسی کے خلاف سیاستی انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی‘ حکومت نے اپنی جماعت سے خود احتسابی کا عمل شروع کر کے مثال قائم کی ہے‘ احتساب میں دوست یا دشمن نہیں دیکھے جاتے‘ انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔ بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کی تحریک انصاف کے لیے بڑی خدمات ہیں‘ ان کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں‘ ابھی الزامات ثابت نہیں ہوئے، وہ عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں جو کہ تحریک انصاف کے موقف کی تائید ہے۔