قبضہ مافیا کیخلاف کارروائیاں‘ کروڑوں مالیت کی سرکاری زمینیں واگزار

87

لاہور (نمائندہ جسارت) صوبائی محتسب پنجاب کے قبضہ گروپوں کے خلا ف سخت فیصلے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں 27.5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 351کنال 14مرلہ سر کاری زمین قابضین سے واگزار کروالی گئی۔ صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے سالانہ رپورٹ گور نر پنجاب چودھری محمدسرور کو پیش کر دی۔ اس موقع پر گور نر پنجاب نے کہا کہ فوری اور سستے انصاف سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا سر کاری محکموں کیخلاف شکایت میں کمی خوش آئند ہے۔کسی کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔صوبائی محتسب پنجاب کی کار کردگی ہر لحاظ سے مثالی ہے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان نے گور نر پنجاب چودھری محمدسرور سے ملاقات میں سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا کہ ناجائز ناقابضین کیخلاف حکومت کی دوٹوک اور واضح پالیسی ہے اور تحر یک انصاف کی حکومت اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل پاک کر نے کی پالیسی پر گامزن ہیں فوری اور سستے انصاف کی فراہمی سے پاکستان مضبوط ہوگااور صوبائی محتسب پنجاب صوبے میں فوری اور سستا انصاف فراہم کر نے میں جو کردار ادا کر رہا ہے وہ قابل تحسین اور مثالی ہے۔