کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں‘ دکانیں، ریستوران سیل

227

اسلام آباد ؍ راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز اورناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 دکانوں اور 10 ریستورانوں کو سیل کر دیا جب کہ 16افراد کو گرفتار کر لیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک لاکھ 11ہزار500روپے کے جرمانے کیے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی ٹیموں نے گزشتہ روزمجموعی طور پر 793 مقامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران ایس او پیز پر عمل دیکھنے کے لیے 30مساجد کو چیک کیا گیا۔ انتظامیہ نے شادی ہالوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 11شادی ہالوں کو چیک کیا گیا،3 کو سیل کردیا۔ انتظامیہ نے ناجائز منافع خوری پر 176 مقامات کا معائنہ کیا دکانوں کو سیل کرتے ہوئے خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے جرمانہ عائد کیا علاوہ ازیں انتظامیہ نے پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 95 گاڑیوں کو چیک کیا۔ 56خلاف ورزی کے مرتکب پایا اور 49 گاڑیوں کا چالان کیا گیا جبکہ3 گاڑیوں کو بند کیا گیا۔دوسری جانب ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے پبلک ٹرانسپورٹ میں کوروناایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 170گاڑیاں تھانوں میں بند کردیں۔ سیکرٹری راشد علی نے کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں کوروناایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مکمل طور پر متحرک ہے اور اس ضمن میں اتھارٹی کی خصوصی ٹیمیں یومیہ بنیادوں پر جانچ پڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔