پی ڈی ایم عیاں ہوگئی‘ مفادات کی سیاست نہیں چلے گی‘ جاوید قصوری

148

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نام نہاد اپوزیشن پی ڈی ایم کے تھیلے سے بلی باہر آچکی ہے۔ مفادات کی سیاست ملک میں زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ پاکستان کی عوام حکومت اور پی ڈی ایم کی حقیقت سے آشکار ہوگئے ہیں۔ ملک میں صرف اور صرف جماعت اسلامی، عوام کی حقیقی ترجمان جماعت ہے۔ جس نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر خدمت کا فریضہ سر انجام دیا۔ ہم اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی ملک بھر میں ہزاروں فلاحی منصوبے چلارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کے لیے استعمال ہورہا ہے۔ قوم سوال کرتی ہے کہ پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے باقی 436پاکستانیوں کے خلاف کب کارروائی کی جائے گی؟ جب تک احتساب کا نظام بلا تفریق عمل نہیں کرے گا اس وقت تک ملک سے کرپشن کا خاتمہ ممکن نہیں۔