رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یومِ توبہ واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ

286

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) حکومت نے رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یوم توبہ واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مساجد و امام بارگاہوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے لیے 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ملک بھر کے علما کرام کے ساتھ صدر مملکت عارف علوی کی سربراہی میں کورونا وبا سے بچاؤ اور بہتر عوامی آگہی کے لیے مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس کے بعد رمضان المبارک میں نماز ، تراویح کے لیے آنے والے افراد کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد کو 60 سال کر دیا گیا اور آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کے درمیان کم از کم فاصلہ 6 فٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق نمازیوں میں 3 فٹ کے فاصلے کے ساتھ فرش پر نماز کی ادائیگی یا ذاتی جائے نماز کے استعمال اور مجمع اور بھیڑ سے گریز کرنا ہو گا۔