ٹنڈو آدم، تشدد سے جاں بحق خاتون کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا

244

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ٹنڈو آدم میں جھگڑے کے دوران تشدد سے جاں بحق ہونے والی 45 سالہ خاتون کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا، مقتولہ کے شوہر کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ، ملوث ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کا مطالبہ۔ ٹنڈو آدم جوہر آباد کھڈ پاڑے کے رہائشی انور علی چوہان کی قیادت میں رفقی چوہان، اشرف چوہان، اختر چوہان و دیگر نے ٹنڈو آدم پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انور چوہان نے کہا کہ دو ہفتے قبل میری بیوی 45 سالہ زبیدہ چوہان کی ملزم ارشد چوہان، انوری بیگم، حمیرہ چوہان نے معمولی بات پر تلخ کلامی ہوگئی تھی جس پر مخالفین نے تشدد کا نشانہ بنایا، ہم نے ملزمان کیخلاف ٹنڈوآدم سٹی تھانے پر این سی بھی داخل کروائی تھی تاہم میری بیوی دوران علاج جاں بحق ہوگئی تھی جس کا پوسٹ مارٹم تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم میں پولیس کی موجودگی میں کیا گیا مگر پولیس کی جانب سے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار نہ کیا جاسکا اور مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا، بااثر لوگ ہمیں مسلسل دھمکیاں دے رہے ہیں، ہماری جان کو خطرہ ہے۔ متاثرین نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، ایس ایس پی سانگھڑ سے مقدمہ درج کرانے سمیت ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔