حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ن لیگ اکیلے ہی کافی ہے، رائے مل بھیل

51

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) نااہل وفاقی حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے مسلم لیگ ن اکیلے ہی کافی ہے ، ن لیگ کے پاس عوامی طاقت ہے اور اس کو کسی کی بھی ضرورت نہیں ہے ، پاکستانی عوام کی ن لیگ سے محبت اس حکومت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیئے کافی ہے، اس وقت ملک پر قبضہ مافیا اور لوٹ مار مافیا کی حکومت مسلط ہے جن کو نہ تو امور حکومت چلانے آتے ہیں اور نہ ہی سیکھنے میں کوئی دلچسپی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری رائے مل بھیل نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ ہی عوام کو موجودہ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل سے نجات دلاسکتی ہے، آج عوام ن لیگ کے دور اقتدار کو یاد کرتے ہیں جب آٹا، دال، چینی ، چاول سمیت دیگر اشیائے خورونوش بآسانی خرید سکتے تھے، پیٹرول کی قیمتیں موجودہ نرخوں سے آدھی تھیں ، گڈز ٹرانسپورٹ اور مسافر بسوں کے کرائے نہایت کم تھے لوگ عید اور دیگر تہواروں میں اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے نہایت کم خرچے میں چلے جاتے تھے اور گڈزٹرانسپورٹ کے کرائے بھی مناسب ہونے کی وجہ سے مال بردار ٹرک بھر بھر کر ایک شہر سے دوسرے شہر جاتے تھے جس سے اندرون ملک تجارت بڑھ رہی تھی اور چھوٹے کاروباری طبقے کے ساتھ ساتھ مزدور بھی خوشحال تھے۔ مزدوروں کو روزانہ کی بنیادوں پر اتنا کام ملتا تھا کہ ان کا گزر بسر اچھاہوجاتا تھا اور وہ لوگ اپنی کمائی میں سے کچھ نہ کچھ بچا بھی لیتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ناقص حکمت عملی اور نااہلی کیوجہ سے بڑے تاجر بھی شدید مالی بحرانوں اور مشکلات کا شکار ہیں، مہنگائی کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں بھی ٹھنڈی ہیں ٹرک والا، مزدور، گودام والا، چھوٹا تاجر اور نجانے کتنے لوگ ہیں جو فارغ بیٹھے ہیں ان کے پاس راشن خریدنے کے پیسے بھی نہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر پاکستانی عوام چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کرے، روزگار بڑھے اور مہنگائی کنٹرول ہو تو اس کا ایک حل میاں نوازشریف ہے۔