حیدرآباد :مختلف علاقوں میں 3 ماہ سے پانی کا بحران ،ٹینکر مافیا کی چاندی

174

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کوٹری کے علاقے خدا کی بستی سمیت پندرہ سے زائد علاقوںمیں تین ماہ سے پینے کے پانی کی بندش، بھولاری میونسپل انتظامیہ نے ٹینکر مافیا سے گٹھ جوڑ کرلیا،پانی کا بل وصول کرنے کے باوجود پانی سپلائی نہیں کیاجارہا ہے علاقے سخت پریشان۔ کوٹری کی بھولاری میونسپل کمیٹی کی نااہلی کے باعث خدا کی بستی، ببر اسٹاپ، مسلم ٹاؤن، غریب آباد، مسکین کالونی ودیگر علاقوں میں گزشتہ تین ماہ سے پینے کا پانی بند ہے، غریب عوام پندرہ سو سے دو ہزار روپے تک کا ٹینکر منگوانے پر مجور ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی بھولاری اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے عوام کو پریشان کیا جارہا ہے، غریب محنت کش طبقہ سخت پریشانی کا شکار ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ پانی کے بحران کا نوٹس لے کر فوری طور پر علاقے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔