حیدرآباد،سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کا احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ

138

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کے مطالبات کی منظوری کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا شیڈول 8 اپریل کو جاری کیا جائے گا۔ شہباز بلڈنگ میں ایمپلائز گرینڈ الائنس کا اجلاس آل سندھ ریونیو ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر سید سردار علی شاہ کی میزبانی میں ہوا، جس میں ایپکا کے جنرل سیکرٹری اشرف خان بوزئی اور گرینڈ الائنس میں شامل سندھ کی تمام بڑی تنظیموں کے سربراہ حاجی اشرف خاصخیلی، انتظار چھلگری، پروفیسر یعقوب چانڈیو، ساجن پنہور، علاؤ الدین قائم خانی، حاجی اقبال لاڑک، صوبیہ ارباب، فہیم احمد، اسلم بھٹی ، ممتاز شیخ، عبدالکریم شیخ، عبدالقیوم بھٹی، نجیب لودھی، مبارک عباسی، محمد نعیم قادری، ریاست قائم خانی، شبیر ملاح، قاضی اقبال اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے 25فیصد تنخواہوں میں اضافے کے فیصلے کے باوجود اس کو نہیں دیے جانے اور صوبائی حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ نہ کیے جانے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو سن کوٹہ نہ دیے جانے اور ملازمین کی تنخواہوں سے کاٹے جانے والے گروپ انشورنس کو ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر دیے جانے سمیت دیگر مطالبات کی حمایت میں پورے سندھ میں بھرپور تحریک چلائی جائیگی۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سرکاری ملازمین کے مطالبات حل کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے جس کے باعث ملازمین میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ فوری طور پر حکومت نے ملازمین کے مسائل پر توجہ نہ دی تو ملازمین میں پائی جانے والی احساس محرومی خطرناک صورتحال اختیار کر جائیگی۔