جامعہ سندھ کے اسکالرشپ کے انٹرویوز متعلقہ کیمپسز میں کرانے کی ہدایات

140

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے جامعہ کے مختلف کیمپسز میں زیر تعلیم طلبہ کی سہولت کے لیے ایک اور اہم اقدام کرتے ہوئے پہلی بار اسکالرشپ کے لیے انٹرویوز متعلقہ کیمپسز میں کرانے کی ہدایات جاری کردی، جس کے بعداسکالر شپ کمیٹی نے نیڈ کم میرٹ اسکالرشپ کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز متعلقہ کیمپسز میں منعقد کرنے کا آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں اسکالر شپ کمیٹی میں شامل ممبران نے لاڑکانہ کیمپس میں 76، نوشہروفیروز کیمپس میں 25 اور دادو کیمپس میں 93 مستحق اور ذہین طلبہ و طالبات کے انٹرویوز لیے۔ اسی طرح آج میرپورخاص کیمپس میں 30 اور لاڑ کیمپس بدین میں 54 مستحق و ذہین طلبہ و طالبات کے انٹرویوز لیے جائیں گے۔ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس جامعہ سندھ جامشورو ڈاکٹر فضا قریشی کے مطابق کل جامعہ سندھ کے ٹھٹھہ کیمپس میں 28 مستحق و ذہین طلبہ و طالبات کے انٹرویوز لیے جائیں گے، جس کے بعد سفارشات مرتب کرکے منظوری کے لیے وائس چانسلر کو ارسال کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر کے مطابق اس سے قبل تمام کیمپسز کے طلبہ و طالبات اسکالر شپ کے لیے انٹرویوز دینے مین کیمپس آتے تھے، لیکن اس بار شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے طلبہ و طالبات کو تکلیف میں ڈالنے اور جامشورو بلانے کے بجائے اسکالر شپ کمیٹی کو کیمپسز میں جا کر انٹرویوز کرنے کی ہدایت کی ہے، جس سے طلبہ کا وقت اور پیسہ بچے گا اور انہیں سہولت میسر ہوئی ہے۔ دوسری جانب کیمپسز میں انٹرویوز کی سہولت ملنے پر طلبہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ نیڈ کم میرٹ اسکالرشپ کی رقم حکومت سندھ کے ماتحت محکمہ زکوات و عشر کی جانب سے فراہم کی جاتی ہے۔