حیدرآباد :سوئی گیس ملازمین کا زیادتیوں کیخلاف احتجاج

142

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز لیبر بیورو سی بی اے کی جانب سے سوئی گیس ملازمین سے ہونیوالی زیادتیوں کیخلاف حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید فیاض علی شاہ، رضوان علی ملاح و دیگر نے کہا کہ تین سال سے ملازمین کی تنخواہوں میں ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، جس کے باعث ملازمین سخت معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے من پسند افراد کو بورڈ آف ڈائریکٹر نامزد کیا ہے جبکہ ادارے کی انتظامیہ اور بورڈ آف ڈائریکٹر پیپلز یونین سی بی اے کے پیش کردہ مطالبات کو نظر انداز کیا جارہا ہے، طے شدہ معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس ملازمین اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان ہونے والے معاہدے پر عمل نہیں کیا گیا تو ملازمین کام چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے آنے والے ایم ڈی عمران سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک سال قبل ملازمین سے ہونے والے معاہدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر مطالبات منظور کیے جائیں۔