خدمت کی سیاست صرف جماعت اسلامی کر رہی ہے،عنایت اللہ خان

271

پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبر صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ خدمت کی سیاست صرف جماعت اسلامی کر رہی ہے ۔ دیر کی ترقی کے لیے میگا پروجیکٹس منظور کیے ہیں جس میں کچھ مکمل ہوچکے ہیں اور دیگر پر کام جاری ہیں جس کی تکمیل سے دیر بالا ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں شامل ہوگا۔ دیر کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنا کر سیاحوں کے لیے پرکشش وادی میں تبدیل کریں گے جس سے نہ صرف ہزاروں سیاح آئیں گے بلکہ یہاں پر روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ہر علاقے کو دوسرے علاقے ساتھ سڑکوں کے ذریعے جوڑیں گے ۔اس وقتملک کا پورا نظام جھوٹ ، دھوکا اور فراڈ سے چل رہاہے ۔ سیاست اور جمہوریت سرمایہ داروں اور جاگیرداروںکے گھر کی لونڈی بن گئی ہے ۔پی ٹی آئی کی تبدیلی کا بھی پول کھل چکا ہے ۔ پاکستان کے بڑے بڑے مافیا آج وزیراعظم کے ارد گرد جمع ہو چکے ہیں۔ پاکستان اللہ تبارک وتعالی کی ایک نعمت ہے اور اس کووسائل کی دولت سے مالا مال بنایا ہے۔ ملک میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں ماسوائے دیانتدار قیادت کے۔پاکستان کے 22 کروڑعوام کو دیانتدار، بے داغ اورپڑھی لکھی قیادت جماعت اسلامی فراہم کرسکتی ہے ۔ ہم نے اقتدارسے باہر رہ کر بھی ہر مشکل گھڑی میں عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے ۔ جماعت اسلامی کے پاس ملک وقوم کو درپیش مسائل کا حل موجود ہے ۔وہ دیر بالا برائول میدان خوڑ پی سی سی روڈ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرر ہے تھے ۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی تین سالہ کارکردگی جھوٹے وعدوں ور ناکامیوں کا مجموعہ ہے۔معیشت کو ٹھیک کرنے کے بلند و بانگ دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے اور معاشی زبوں حالی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری بے قابو ہوچکی ہے۔مہنگائی کے ہاتھوں لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں،لوگوں کے گھروں میں فاقوں نے مستقل ڈیرے ڈال لیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کے لیے حکومت کو کوئی راہ سجھائی نہیں دے رہی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں حقیقی اپوزیش کا کردار جماعت اسلامی ادا کر رہی ہے۔