ٹنڈوالٰہیار،رمضان آرڈیننس پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے ،ڈی سی

148

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہٰیار رشید احمد زرداری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے دوران احترام رمضان پر مکمل عملدر آمد کو یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلے میں روزمرہ کے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں کو مکمل کنٹرول میں رکھا جائیگا، مساجدکے راستوں پر صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائی گی، ایس او پیز کے تحت تراویح کھلی جگہ پر ادا کی جائے گی اور وضو بھی گھروں سے کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے احترام رمضان پر عمل درآمدکے سلسلے میں منعقد کیے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اکرام، ضلعی انتظامیہ کے افسران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرون عبدالحفیظ لغاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو عمیر جروار، اسسٹنٹ کمشنر سٹی شیراز لغاری، اسسٹنٹ کمشنر چمبڑ محبوب، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر علی مراد اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیٰار نے کہا کہ روزمرہ کی اشیاء گوشت، سبزی، پھل و دیگر کی فروخت پر نظر رکھی جائے گی اور زیادہ قیمتیں وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائی گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایک شکایتی سیل بھی قائم کیا گیا ہے اس میں شکایات کا ازالہ کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آسانی کے لیے ضلع میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور بجلی کی رسد کے سلسلے میں کسی بھی خلل یا نقص ہونے کی صورت میں بھرپور مدد کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیٰار نے کہا کہ احترام رمضان کے سلسلے میں غیر قانونی ہوٹلوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں ضلع کونسل بھی اپنے اختیارات استعمال کرے گی۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے احترام رمضان کے حوالے سے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہٰیار نے کہا کہ سندھ حکومت کی سخت ہدایات ہیں کہ روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیائے خورونوش کو انتظامیہ کی جانب سے مقرر کیے گئے نرخوں پر فروخت کرنے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور اس ضمن میں خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔