میرواہ گورچانی، آبپاشی کے ملازم کی واٹر کورس سے لاش برآمد

374

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) میرواہ گورچانی کے قریب محکمہ آبپاشی کے ملازم کی واٹر کورس سے لاش برآمد۔ گوٹھ عمر بگھیو کے مقام پر واٹر کورس میں لاش پڑی دیکھ کر علاقہ مکینوں نے میرواہ گورچانی پولیس کو اطلاع دی، علاقہ مکینوں نے لاش کی شناخت محکمہ آبپاشی میرپورخاص ڈویژن کے ملازم گوٹھ جانی لغاری کے رہائشی 50 سالہ دھنی بخش ولد محمد اسماعیل کے نام سے کی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ورثاء جائے وقوع پر پہنچ گئے، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر دیہی صحت مرکز میرواہ گورچانی پہنچائی جہاں ڈاکٹروں نے پوسٹ مارٹم کیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے موت واقع ہوئی۔ دوسری جانب متوفی کے بیٹے گلزار لغاری کے مطابق اس کا والد گزشتہ روز صبح موٹر سائیکل پر سوار ہو کر ڈیوٹی پر گیا تھا اور رات گئے تک گھر نہیں پہنچا تھا، دوسرے روز ہمیں معلوم ہوا کہ میرے والد کی لاش واٹر کورس میں پڑی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں ہے۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی۔