کندھکوٹ، گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بندش کیخلاف صارفین کا احتجاج

306

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کندھکوٹ شہر میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ناقص پائپ لائنوں کی وجہ سے گیس کی لیکیج اور بندش کے باعث گھریلو صارفین کو گیس کی عدم فراہمی پر گلشیر محلہ کے صارفین کا گیس انتظامیہ کیخلاف احتجاج، وفاقی حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ کندھکوٹ گلشیر محلہ کی گلیوں میں 30 سال پرانی ناقص گیس پائپ لائنیں لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی نہیں مل رہی ہے۔ جس کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔ صارفین مجبور ہو کر اپنے گھروں میں لکڑیاں جلانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ گلشیر محلہ کے صارفین نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کندھکوٹ کے مکینوں کو رائلٹی کے طور پر گیس مفت سپلائی کی جائے لیکن ظلم کی انتہا ہے کہ کندھکوٹ میں گیس ہم لوگوں کے لیے ناپید ہے۔ کندھکوٹ سے نکلنے والی گیس یہاں سے دوسرے صوبوں کو اچھے طریقے سے فراہم کی جارہی ہے، جس سے کارخانے چل رہے ہیں، خاص طور پر پنجاب کو ترجیحی بنیاد پر یہاں سے وافر مقدار میں گیس فراہم کی جارہی ہے لیکن ہمارے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہوئے ہیں۔ ایک طرف سپلائی صحیح نہیں تو دوسری طرف گیس کی لوڈشیڈنگ نے جینا دوبھر کردیا ہے۔ یہ سب کچھ گیس انتظامیہ کی ناہلی کی وجہ سے ہے، گیس کی فراہمی کی کوئی سہولت نہیں ہے۔ ناقص لائنوں کیخلاف گیس انتظامیہ کو کئی بار درخواست دیں اور ان لوگوں کو لے کر یہاں کے دورے بھی کروائے لیکن پھر بھی کوئی تدارک نہیں کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کو بھی اس ناقص پائپ لائنوں کی کئی بار نشاندہی کروائی گئی لیکن انہوں نے بھی اس شکایت کی طرف آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھا۔ گلشیر محلہ کے صارفین نے وفاقی حکومت، وزیر اعلیٰ سندھ، ضلع کشمور، کندھکوٹ کے منتخب نمائندوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل پر کندھکوٹ گیس انتظامیہ کیخلاف نوٹس لیکر ناقص پائپ لائنوں کو درست کروایا جائے تاکہ ہمیں اپنے گھروں میں گیس کی فراہمی آسانی سے مؤثر طریقے سے کی جائے۔