عدالتی فیصلے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا‘ ن لیگ

163

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ ن نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر عملدرآمد سے انکاری ہے اور عدالتی فیصلے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے، بیوروکریسی سیاست سے دور رہے ، جن افسران کو سیاست کا شوق ہے وہ ملازمت سے استعفا دے کر اپنا شوق پورا کریں۔ان خیالات کا اظہار ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال،مریم اورنگزیب اور علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال کاکہنا تھاکہ پنجاب حکومت وزیراعظم کے کہنے پر جو حکم عدولی کررہی ہے، عدالت عظمیٰ اس کا نوٹس لے۔ان کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت نے منتخب چیئرمینوں کے خلاف مقدمے بنانے کی کارروائی تیز کردی ہے، عدالت نے لکھا کہ بلدیاتی ادارے اسی حالت میں بحال ہوں گے جس حالت میں پہلے تھے لیکن حکومت پنجاب عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے انکاری ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھاکہ حکومت پنجاب اور وزیربلدیات توہین عدالت اور توہین آئین کررہے ہیں، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بلدیاتی اداروں کے دفاتر سیل کیے گئے، بلدیاتی اداروں کے فنڈز جو پی ٹی آئی کے ذریعے استعمال کیے گئے وہ ریکور کرائے جائیں۔ جنرل سیکرٹری ن لیگ کا کہنا تھاکہ عدالتی فیصلے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے ، ان کا خیال ہے کہ منتخب چیئرمین ان کے جھوٹے کیسوں سے دباؤ میں آکر وفاداری تبدیل کردے گا، جو سرکاری ملازم مینڈیٹ سے تجاوز کرے گا اس کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، وہ سرکاری ملازم پھر نوکری سے الگ ہوکر پی ٹی آئی میں شامل ہوکر سیاست کریں۔انہوں نے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کو بحال نہ کرنے کا نوٹس لیا جائے ۔