ٹیکس چوری کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا‘ وفاقی وزیرخزانہ

142

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں ) وزارت خزانہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صدر، وزیراعظم کے وی وی آئی پی جہازوں کی مرمت کیلیے 33 کروڑ کی گرانٹ منظور دیدی۔وزیر خزانہ حماد اظہر کی زیر صدارت وزارت خزانہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہو اجس میں ای سی سی نے پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دی ۔ صدر، وزیراعظم کے وی وی آئی پی جہازوں کی مرمت کیلیے 33 کروڑ کی گرانٹ منظور کی گئی ،تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ پرزہ جات کی خریداری پر خرچ ہوگی ۔ ای سی سی اجلاس میںوزارت خزانہ نے وزیراعظم کے اسکل فار آل پروگرام کیلیے 2 ارب 38 کروڑ جبکہ وزارت توانائی کیلیے 38 کروڑ سے زیادہ کی گرانٹ کی منظوری دی گئی اسکے علاوہ الیکٹرانک ووٹنگ کیلیے 28 کروڑ کے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔ الیکٹرانک ووٹنگ کیلیے دی جانیوالی یہ ر قم آئی ووٹنگ کیلیے کنسلٹنسی اور آلات کی خریداری پر خرچ ہوگی۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت اس سال کی پیش گوئی کے مقابلے میں تیز شرح سے ترقی کرے گی۔اپنے ایک بیان میں حماد اظہر کا کہنا تھا کہ اگلے مالی سال سے شرح نمو کا ہدف 4 فیصد سے زائد رکھیں گے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام کا دائرہ کاربڑھانے کوترجیح دیں گے اور ٹیکس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔