لاہورہائیکورٹ کا شوگر ملوں سے 80روپے کلو چینی خریدنے کا حکم

244

لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے رمضان کے مہینے میں شوگر ملز سے چینی 80 روپے کلو کے حساب سے خریدنے کا حکم دے دیا اور شوگر کین کمشنر کو حکم دیا کہ وہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے شوگر ملز کی ایک نوعیت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کی جس میں سرکاری طور پر شوگر ملز سے 80روپے کلو کے حساب سے چینی خریدنے کے احکامات کو چیلنج کیا گیا، عدالت نے قرار دیا کہ حکومت ، متعلقہ حکام اور شوگر ملز کو2 مرتبہ مشاورت کے لیے مہلت دی لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا، دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پنجاب کی شوگر ملز کے پاس 25لاکھ ٹن چینی موجود ہے جبکہ رمضان میں ایک لاکھ 55ہزار ٹن چینی کی کھپت ہوگی،سماعت کے دوران شوگر ملز کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ20 ٹن تک چینی 83روپے کلو بیچنے کی پیشکش کی، عدالت کے روبرو فریقین کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے پر عدالت نے عارضی بنیاد پر رمضان کے دوران شوگر ملز سے ایک لاکھ 55 ہزار ٹن چینی 80روپے کلو کے حساب سے خریدنے کا حکم دے دیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ رمضان کے مہینے میں لوگوں کو چینی ملنی چاہیے، یہ ثواب کا کام ہے، عدالت نے پنجاب کی40 شوگر ملز سے ان کی پیداوار کے مطابق ایک لاکھ 55ہزار ٹن چینی خریدنے کا حکم دیا،عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو چینی کی قیمت کے تعین کے لیے رولز بنانے اور ضروری ترمیم کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی، عدالت نے چینی کی قیمت کے بارے میں تمام درخواستوں کو یکجا کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا، عدالت نے درخواستوں پر مزید کارروائی عید الفطر کی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔