این اے 249 : 75 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار

123

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں 75 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر کی سربراہی میں اجلاس ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ حلقے میں ڈسٹرکٹ ویسٹ سب ڈویژن مومن آباد کے27 پولنگ اسٹیشن جبکہ ڈسٹرکٹ کیماڑی کے 48 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کو کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا، سیکورٹی ادارے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی ہو گی، معذوروں کے لیے پولنگ اسٹیشنز میں ہر سہولت دستیاب ہو گی ۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ علاقے میں 2 لاکھ سے زاید مرداور1 لاکھ 40 ہزار خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹنگ کا عمل شفاف بنایا جائے گا۔علاوہ ازیں این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی)اور جمعیت علما اسلام(جے یو آئی)کے امیدوار( ن) لیگ کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کا بدھ آخری دن تھا، 53 میں سے 23 امیدوار دستبردار ہوگئے ہیں۔اے این پی کے اورنگزیب خان اور جے یو آئی کے عمرصادق مسلم لیگ(ن) کے مفتاح اسماعیل کے حق میں دستبردار ہو گئے۔ تحریک انصاف کے 11 امیدوار دستبردار ہوئے۔ حلقے میں اب مصطفی کمال، مفتاح اسماعیل، قادرمندوخیل اور حافظ مرسلین کے درمیان زبردست مقابلے کی توقع ہے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے لیے قادر خان مندوخیل کو نامزد کر دیاہے۔پیپلزپارٹی نے ٹکٹ قادر خان مندخیل کو دیا ہے ۔