سندھ حکومت کا اسٹیل مل معاملے پر موقف واضح ہے‘ ناصر شاہ

89

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا اسٹیل مل یونین رہنماؤں سے تیسرا اجلاس۔اجلاس میں پیپلز یونٹی کے شمشاد قریشی، انصاف یونین کے سلیم گل، جماعت اسلامی یونین کے عاصم بھٹی سمیت متحدہ لیبر یونین کے رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ محنت اور محکمہ محنت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلوں پر عملدرآمد کیا ہے،جن فیصلوں پر عمل نہیں ہوا ان پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی قیادت کا اسٹیل مل معاملے پر موقف واضح ہے، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ سندھ سی سی آئی کے ہونے والے اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائیں گے،مزدوروں کی جبری برطرفی اور اسٹیل مل کی نجکاری کو روکنے کے لیے سندھ حکومت جلد وفاق کو جامع خط لکھے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ روز روس کے وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں اسٹیل مل معاملے پر بات چیت ہوئی ہے،وزیر اعلیٰ سندھ نے روس کے وفد سے اسٹیل مل کی بحالی کے لیے مدد مانگی ہے۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ میں اسٹیل مل معاملے پر جاری مقدمے میں سندھ حکومت فریق بنے گی تاکہ کیس مضبوط بنے۔ٹریڈ یونین رہنماؤں کی جانب سے اسٹیل مل کے اربوں روپے کے اثاثوں کی چوری کی شکایات پرناصرشاہ نے آئی جی سندھ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور معاملے کی تحقیقات کے لیے قابل پولیس افسر کو تعینات کرنے کی ہدایت دی ۔ناصرشاہ نے کہا کہ اسٹیل مل سے اربوں روپے کے اثاثوں کی چوری سیریس معاملہ ہے، غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے جو بھی ملوث ہو ان کیخلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔انہوں نے آئی جی کو ہدایت دی کہ اسٹیل مل کے اربوں روپے کے اثاثے محفوظ بنانے کے لیے پولیس پکٹ قائم کی جائے۔