رمضان المبارک کی آمد ،واٹربورڈ میں ہائی الرٹ جاری

170

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈاسداللہ خان نے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر واٹربورڈ میں ہائی الرٹ جاری کردیا ہے، شہر بھر میں دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم اور سیوریج مسائل کے فوری خاتمے کی ہدایت کردی،دوران رمضان ایم ڈی واٹربورڈدن ورات کے مختلف پہر شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کرکے خود مکینوں سے فراہمی ونکاسی آب کی صورتحال معلوم کریں گے ،تنصیبات کا معائنہ اور تعینات ملازمین کی حاضری چیک کی جائے گی ،بعد ادائیگی نمازتراویح مختلف اضلاع میں واقع دفاتر میں افسران کے اجلاس منعقد کرکے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور انہیں ضروری ہدایات دی جائیں گی، جبکہ ہر ہفتہ کے اختتام پر ایم ڈی سیکرٹریٹ میں اعلیٰ افسران ،ماہرین وانجینئرز کا جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے واٹربورڈکے اعلیٰ افسران وانجینئرز کے نام فوری مراسلہ جاری کیا ہے ،مراسلے میں انہیں ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ رمضان سے قبل ہی شہر میں فراہمی آب کی بہتری کے لیے فول پروف اقدامات کریں ،شہر کے وسط میں واقع علاقوں سمیت بلندی وآخری سرے کی آبادیوںتک دستیاب پانی پہنچانے کیلیے باقاعدہ حکمت عملی مرتب کی جائے ،ماہ صیام کے دوران شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے واٹربورڈ کی تنصیبات خصوصاً پمپنگ اسٹیشن کے علاوہ سیورکلینگ جیٹنگ اور راڈنگ مشینیں تیاررکھی جائیں، مرمت طلب مشینری ،موٹروں او رپمپس کو درست کرالیا جائے ، فراہمی ونکاسی آب کے تمام پمپنگ اسٹیشن پرجنریٹر کو قابل استعمال حالت میں رکھا جائے ، نیز ان کو چلانے کیلیے ایندھن کامناسب مقدارمیں بندوبست کیا جائے ، ماہ مبارک کے دوران شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ تقسیم ممکن بنانے کے لیے ناغہ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے۔