مغوی نوجوان کے اغواکاڈرامافلاپ‘2خواتین گرفتار

58

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)اینٹی وائلنٹ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی نوجوان کے اغواکاڈرامافلاپ کرکے دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔ ملزموں کی گرفتاری کے بعد اغوا کا ڈراپ سین ہوا مغوی اپنی مرضی سے غائب ہوا تھا اور گھر والوں سے رہائی کے عوض 2 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق اے وی سی سی کی ٹیم نے سی پی ایل سی کی مدد سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بنگلا بازار اورنگی ٹائون میں چھاپامار کر مغوی 17 سالہ شہنشاہ ولد اللہ یار کو بازیاب کراتے ہوئے دو خواتین طوبیٰ اور شازیہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق شہنشاہ کے بھائی نور شاہ نے 5 اپریل کو پاک کالونی پولیس کو اطلاع دی کہ اسکے بھائی کو اغوا کرلیا گیا اور اسکی رہائی کے لیے تاوان کی مد میں دو لاکھ روپے مانگے تھے جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑکے کو بازیاب کرایا اور تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ لڑکا اغوا نہیں ہوا تھا بلکہ اپنی مرضی کے ساتھ گیا تھا اور پیسے مانگنے کے لیے یہ ڈراما کیا تھا۔ پولیس نے مذکورہ افراد سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔