جہانگیر ترین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبریں غلط ہیں‘شازیہ مری

138

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مرکزی اطلاعات سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبریں غلط ہیں۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ اے این پی آزاد سیاسی جماعت ہے ہم اسکے پی ڈی ایم کو الوداع کہنے کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کا فورم استعمال کرکے ایک سیاسی جماعت نے شوکاز بھیجا جس پر بہت افسوس ہوا۔ شازیہ مری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم سے علیحدہ ہونے کا عندیہ نہیں دیا اور پیپلزپارٹی پی ڈی ایم بنانے والوں میں شامل ہے۔ پیپلزپارٹی آج بھی مل کر چلنا چاہتی ہے لیکن لگتا ہے نون لیگ کا ارادہ نہیں۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے ایک نجی چینل کے پروگرام میں باتیں کرتے ہوئے کیا۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون نے خصوصاً پی ڈی ایم کو نقصان پہنچایا ہے انکے ایک دو لوگ ایسے بیانات دے دیتے ہیں جس سے پی ڈی ایم کو دھچکا لگتا ہے اور جو بھی جماعت پی ڈی ایم کو نقصان پہنچائے گی وہ حکومت کو خوش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری اپنے ردعمل کے اظہار میں تحمل مزاجی سے کام لے رہے ہیں۔