سینٹرل جیل کراچی میں کورونا ویکسی نیشن کاآغاز

134

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)محکمہ صحت سندھ کی جانب سے سینٹرل جیل کراچی میں کورونا ویکسی نیشن شروع کردی گئی ہے، جس کے پہلے مرحلے میں جیل اسٹاف اور بزرگ قیدیوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کاا پنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 50 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کی بعد از رجسٹریشن ویکسین کی جائے گی، زندگیاں بچانے کے عمل میں قیدیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ سندھ حکومت کی ہدایت کی روشنی میں آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر احمد، سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت دیگر اہلکاروں کو ویکسین لگادی گئی ہے۔وزیر صحت سندھ کے مطابق سندھ کی جیلوں میں قید 2 ہزار 532 قیدیوں کی ویکسینیشن کی جائے گی۔ایس ایس پی ملیر جیل اسلم ملک کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر ملیر جیل میں بھی 50 سال سے زائد عمر کے پولیس اہلکاروں اور قیدیوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔