مہنگائی کا ایک اور وار ‘ بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری

216

اسلام آباد/لاہور(آن لائن)نیپرا نے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.6416 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو 0.6573 روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 30مارچ 2021 ء کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی اور 64 پیسے فی یونٹ کی منظوری دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق صرف اپریل کے مہینے کے بلوں پر ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک کے سوا تمام صارفین پر ہوگا۔دوسری جانب لاہور میں چینی کا بحران برقرار ہے۔ حکومتی کارروائیوں سے خوف زدہ ہو کر شہر کے بیشتر کریانہ مرچنٹس نے حکومتی نرخوں پر چینی کی فروخت پہلے ہی بند کر رکھی تھی جبکہ اضافی قیمت پر بھی چینی کی فروخت بند کردی ہے۔ مختلف اسٹورز پر چینی 105 روپے سے 110 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔