کورونا سے مزید102اموات‘4ہزار نئے مریض( پختونخوا کے91علاقوں میں لاک ڈاؤن)

245

کراچی/اسلام آباد/پشاور(اسٹاف رپورٹر+ مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں مزید102افراد دم توڑ گئے جبکہ اموات کی تعداد 15026ہو گئی ،گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 4004نئے کیسز رپورٹ ہوئے،متاثرین کی تعداد700188ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں مزید 102 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 26 ہوگئی۔گزشتہ 24گھنٹے میں 4004 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 188 ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.6 فیصد رہی۔پنجاب میں 2 لاکھ 37 ہزار 594، سندھ میں 2 لاکھ 67 ہزار 238، خیبر پختونخوا میں 93 ہزار 862، بلوچستان میں 19 ہزار 942، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 64، اسلام آباد میں 62 ہزار 775 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 713 کیسز رپورٹ ہوئے۔3 ہزار 769 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پنجاب میں 6 ہزار 731، سندھ میں 4 ہزار 516، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 496، اسلام آباد میں 588، بلوچستان میں 212، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 380 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے 91 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ کہ صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں آمدورفت پر بھی پابندی عاید کر دی گئی ہے۔متاثرہ علاقوں میں کورونا کے 151 مریض موجود ہیں اور متاثرہ علاقوں میں 6 ہزار 912 افراد گھروں تک محدود ہیں۔274 گھر آئسولیٹ کیے گئے ہیں۔