روس سے فوجی تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں‘ آرمی چیف

299
راولپنڈی: سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف ملاقات کررہے ہیں

راولپنڈی(خبرایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ روس سے فوجی تعلقات کے قیام کی خواہش رکھتے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی اور دفاعی و سیکورٹی تعاون سمیت علاقائی سیکورٹی، بالخصوص افغان مفاہمتی عمل تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،پاکستان افغانستان میں دیر پا امن اور استحکام کے لیے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے، افغانستان میں دیر پا امن و ستحکام سے خطے کو فائدہ ہوگا۔آرمی چیف نے واضح کیا کہ ہمارے کسی ملک کیخلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں، پاکستان علاقائی تعاون کے لیے کوشاں ہے، پاکستان باہمی وقار اورمشترکہ ترقی کے فریم ورک کے لیے پرعزم ہے۔