وفاق سندھ کے اسپتالوں پر قبضہ کرنا چاہتاہے، بلاول

212

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت سندھ کے اسپتالوں پر قبضہ کرنے کے لیے سازشیں کر رہی ہے۔عالمی یومِ صحت پر بیان دیتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی صحت پالیسی صحت سب کے لیے کے بجائے صحت برائے اشرافیہ ہے، عمران خان حکومت اپنی کرپشن پر مبنی پالیسیوں کے ذریعے پاکستانیوں کی صحت کو خطرے میں ڈال رہی ہے، صحت کی سہولیات پاکستان کے عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت کو اس حق کو محفوظ بنانے کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت ادویات کی قیمتوں میں غیرمعمولی 260 فیصد تک اضافہ کرچکی ہے، جس کے نتیجے میں مریضوں کا ایک بڑا طبقہ ادویات کی مقدار کو کم کرنے یا علاج بند کرنے پر مجبور ہے، عمران خان کی کابینہ کے 2 وزرا صحت کو کرپشن کے الزامات پر عہدوں سے ہٹایا جا چکا ہے، دونوں وزرا ادویات کی قیمتوں میں اضافے اور امپورٹ کے اسکینڈلز میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے، لیکن اس کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔پی ٹی آئی نے تاحال صحت عامہ کیساتھ انتہائیسفاکانہ کھیل جاری رکھا ہوا ہے۔