ایون فیلڈ ،العزیزیہ ریفرنس ‘نوازشریف کی درخواستیں سماعت کیلیے مقرر

203

اسلام آباد(اے پی پی) سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس جبکہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی نیب کی متفرق درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔ جسٹس عامر فاروق اورجسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل بینچ آج (جمعرات) کوسماعت کرے گا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی نیب ریفرنس میں سزاکے خلاف نیب اپیلوں کی جلد سماعت کی متفرق درخواستیں آج سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا کے خلاف اپیلیں جبکہ نیب کی العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھانے اورفلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیلوں کی جلد سماعت کی متفرق درخواستوں پر بھی سماعت ہو گی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سزا سنائی تھی۔ وڈیو اسکینڈل والے احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو سزا سنائی جبکہ فلیگ شپ انوسٹمٹ ریفرنس سے بری کرنے کا فیصلہ سنایا۔