ہیڈکوارٹر پر قبضہ: فیفا نے پاکستان فٹبال کی رکنیت معطل کردی

309

کراچی (رپورٹ: سید وزیر علی قادری)فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا)نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی۔ عالمی تنظیم نے یہ قدم 2 فٹ بال ایسوسی ایشنز میں تنازع کی وجہ سے اٹھایا۔فیفا کونسل کے بیوروکے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف)کی رکنیت اس کے معاملات میں تیسرے فریق کی مداخلت کے باعث فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔ بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ یہ صورت حال ایسے وقت میں پیدا ہوئی جب پی ایف ایف کے لاہور میں قائم ہیڈ کوارٹر پر احتجاج کرنے والے ایک گروہ نے قبضہ کرلیا اور انہوں نے ہارون ملک کی صدارت میں قائم پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی جو فیفا کی جانب سے قائم کی گئی تھی، کو ہٹا کر پی ایف ایف کے معاملات سید شفقت حسین شاہ کے حوالے کردیے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملازیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔خیال رہے کہ اس سے قبل فیفا کے ایک انتباہی خط میں خبردار کیا گیا تھا کہ پی ایف ایف ہیڈ کوارٹر پر ہونے والا قبضہ ختم کیا جائے اور فیفا کے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق دفتر کو چلانے دیا جائے بصورت دیگر یہ معاملہ فوری طور پر بیورو آف فیفا کونسل کے سامنے فیصلے کے لیے رکھا جائے گا۔ ۔واضح رہے کہ جسارت نے پہلے ہی صورتحال کو دیکھتے ہویے خبر میں پابندی کا عندیہ دے دیا تھا۔ دوسری جانب فٹ بالر کلیم اللہ کا کہنا ہے کہ5 سال میں دوسری مرتبہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کومعطل کیا گیا، صورتحال کا سب سے زیادہ نقصان قومی فٹبالرز اور پاکستان کے امیج کاہو ہے اور اس سے پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی‘ بہت سے فٹبالرز بے روزگار ہو جائیں گے۔آرگنائزرز اور کھلاڑیوں کا معطلی کے بعد ہم سب کا مستقبل تباہ ہوجائے گا۔مزید برآںفیفا ہائوس پر قابض اشفاق حسین گروپ نے کانگریس کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے جس میں رکنیت معطل کرنے کاجائزہ لیں گے ۔انہوں نے الزام عاید کیا کہ پاکستان کی رکنیت معطل ہونے کی ذمہ دار نارملائزیشن کمیٹی ہے۔واضح رہے کہ جسارت نے پابندی کے حوالے سے سب سے پہلے خبر بریک کی تھی۔