کاروبارکی بندش: تاجروں اور نجی تعلیمی اداروں کااسلام آباد کی جانب مارچ

163

اسلام آباد (آن لائن) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے تحت تعلیمی اداروں کی طویل بندش، ہزاروں اساتذہ کی بیروزگاری،چائلڈ لیبر میں اضافہ،اسکول مالکان کی معاشی بدحالی اور حکومت کی جانب سے ریلیف پیکج کی فراہمی میں مسلسل تاخیر کے خلاف ملک گیر لانگ مارچ آج اسلام آباد ڈی چوک پہنچے گا، بلوچستان، سندھ سے قافلے روانہ ہوگئے ہیں، کے پی کے اور پنجاب سے جمعرات کی صبح احتجاجی قافلے روانہ ہوںگے ،منتظمین کے مطابق لانگ مارچ میں،نجی تعلیمی اداروں کی ملک گیر ایسوسی ایشنز، تاجر تنظیمیں، سول سوسائٹی، پک ڈراپ سروس، اسٹیشنری شاپس، والدین،اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کرے گی۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے تحت تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش اور تعطیلات میں مزید اضافے کے خلاف اعلان کردہ لانگ مارچ آج دن 11بجے ڈی چوک پر پہنچے گا، لانگ مارچ کے لیے انتظامیہ کو آگاہ کردیاگیاہے جبکہ منتظمین کے مطابق تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے دیگر قائدین کے ساتھ جلسہ گاہ کی جگہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیاہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کاکہنا تھاکہ لانگ مارچ انتہائی مجبوری میں کیا جارہاہے بطور استاد ان کا یہ شوق نہیں ہے نہ کے کوئی سیاسی ایجنڈا ہے،حکومت کی مسلسل وعدہ خلافی اور ریلیف کے بجائے تعلیمی اداروں کی بندش میں اضافہ کردیا گیاہے جس سے ہزاروں اسکول مکمل بند، اساتذہ اور دیگر معاون ملازمین بے روزگار، ہزاروں گھروں کے چولہے بجھنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی طورپر بھی ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا ہر صورت جاری رہے گا۔