ملک میں پھر پیٹرول بحران کا خدشہ‘اوگرا کی وارننگ جاری

496

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اوگرا کی وارننگ کے باوجود آئل مارکیٹنگ کمپنیاں پیٹرولیم مصنوعات کے طے کردہ ذخائر محفوظ کرنے میں ناکام ہو گئیں، ملک میں ایک مرتبہ پھر پیٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو متعدد مرتبہ وارننگ جاری کی جاتی رہے کہ وہ اوگرا کی جانب سے طے کردہ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اپنے پاس محفوظ کریں، تا کہ ملک میں پیٹرولیم بحران کا خدشہ پیدا نہ ہو۔تاہم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کی جانب سے جاری کی جانے والی وارننگز کو ہوا میں اڑا دیا، جس کے بعد اب ملک میں ایک مرتبہ پھر پیٹرول بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک میں متوقع پیٹرول بحران کے پیش نظر اوگرا نے ایک مرتبہ پھر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو وارننگ جاری کر دی ہے۔اوگرا حکام نے کہا ہے کہ تمام کمپنیاں 20 روز کا پیٹرول ذخیرہ رکھنے کی پابند ہیں، ذخیرہ 20 روز کا نہ ہوا تو کارروائی کی جائے گی، اس لیے آئل مارکیٹنگ کمپنیاں اپنا ذخیرہ لائسنس شرائط کے مطابق رکھیں۔اوگرا ذرائع نے کہا ہے کہ پیٹرول کا 2 لاکھ 97 ہزار 882 میٹرک ٹن کا ذخیرہ موجود ہے، جو کہ 12 روز کی ملکی ضروریات کو پورا کر سکتا ہے، جبکہ اس وقت ڈیزل کا 17 روز کا ذخیرہ موجود ہے، جو 3 لاکھ 64 ہزار میٹرک ٹن اسٹاک پر مشتمل ہے۔