تیسرا ون ڈے: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو 321 رنز کا ہدف

347

سینچورین: جنوبی افریقا کے خلاف تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 321 رنز کا ہدف دیا ہے،جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری ہے۔

سنچورین میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقا کے کپتان تیمبا باووما نے ٹاس جیت کر  پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور   دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو  112 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، امام الحق 112 کے مجموعے پر  57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ فخر زمان 101 رنز بنا کر  مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے،محمد رضوان، 2، سرفراز احمد 13، فہیم اشرف ایک، محمد نواز 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان بابر اعظم نےایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی ،وہ82 گیندوں پر 94 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، آخر لمحات میں حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلی 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے ہیں۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مہاراج  3 اور مکرام  2  وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔