پاکستان نے جنوبی افریقہ کو فیصلہ کن معرکے میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی

358

سینچورین: پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن معرکے میں جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔

سینچورین میں کھلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں پاکستان کے 320 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم 292 رنز ہی بناسکی۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایڈم مارکرم اور جانے من ملان نے کیا، دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی، اس موقع پر ماکرم 18 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد جے جے سمٹ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی 17 رنز پر آؤٹ ہوگئے جب کہ کپتان ٹیمبا باووما 20 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، ہینری کلیسن کی اننگز صرف 4 رنز تک محدود رہی۔

ملان نے کیلی ویرینا کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم ملان 70 رنز پر ہمت ہار گئے جس کے بعد ویرینا نے پہیلکوایو کے ساتھ ملکر 108 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ حارث رؤف نے 44 ویں اوور میں ویرینا کو 60 رنز پر آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا، جس کے بعد فیلوکوائیو بھی جلد ہی آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد دیگر 3 وکٹیں بھی جلدی گر گئیں، اور پوری ٹیم آخری اوور میں 292 عنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے جانیمن ملان 70 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ کائل ویرنے 62 ،اینڈائل فیلوکوائیو نے 54 ، ٹمباباووما 20 اور کیشو مہاراج نے 19 رنز بنائے، ایڈین مارکرام 18 ، جے جے اسموٹس 17 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے 3،3 اور حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان تیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 112 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، امام الحق 112 کے مجموعے پر 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ فخر زمان 101 رنز بنا کر  مہاراج کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کی جانب سے دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے،محمد رضوان، 2، سرفراز احمد 13، فہیم اشرف ایک، محمد نواز 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان بابر اعظم نےایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی ،وہ82 گیندوں پر 94 رنز بنا کر میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے، آخر لمحات میں حسن علی نے جارحانہ اننگز کھیلی 11 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔ پاکستانی ٹیم نے 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے ہیں۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مہاراج  3 اور مکرام  2  وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔