ایف آئی اے کامزید 13شوگر ملز کے خلاف کارروائی کا آغاز

467

اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی( ایف آئی اے) نے مزید 13 شوگر ملز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، ملک بھر میں شوگر مل مافیا اور سٹہ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اب تک متعدد شوگر ملز مالکان کو گرفتار یا ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جاچکا ہے،جن شوگر ملز کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے، ان میں ہنزہ شوگر، اشرف شوگر، حسین شوگر ، سیون اسٹار شوگر، شیخو شوگر، اتحاد شوگر، فاطمہ شوگر، کشمیر شوگر، میر پور شوگر، النور شوگر، سورج شوگر، ایس جی ایم شوگر اور سندھ باد شوگرملز شامل ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ اب تک 15 شوگر بروکرز سٹہ گروپس کے حوالے سے اپنے بیانات ریکارڈ کروا چکے ہیں، جبکہ ایف آئی اے نے 8شوگر ملز مالکان کو نوٹسز بھجوائے لیکن تاحال کوئی بھی ایف آئی اے میں پیش نہ ہوا۔

ایف آئی اے نے مزید کہا کہ  مریم نواز کی چوہدری شوگر مل کو 31مارچ کو، حمزہ شہباز کی رمضان شوگر مل کو 2اپریل، جہانگیر ترین کی جے ڈی ڈبلیو گروپ کو پہلے 2اپریل کو طلب کیا گیا تھا اور پیش نہ ہونے پر انہیں اب دوبارہ 9 اپریل کو ایف آئی اے میں طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا ہے۔