آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے خواتین صحافیوں کیلئے پکنک کا اہتمام

669

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی کوریج پر معمور مختلف میڈیا ہاوسز سے تعلق رکھنے والی خواتین صحافیوں کے لیے آرٹس کونسل کے شعبہ میڈیا نے منگل کو پکنک کا اہتمام کیا ۔

تفصیلات کے مطابق خواتین صحافی علی الصبح آرٹس کونسل کراچی میں جمع ہوئیں جہاں ان کی تواضع ناشتے سے کی گئی۔ پکنک پر جانے کے لئے مختلف ٹی وی چینلز ،اخبارات ،ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا کی صحافی خواتین آرٹس کونسل کراچی کی میڈیا مینیجر شہلا محمود کے ہمراہ پکنک پر روانہ ہوئی ۔

کینجھر جھیل پہنچنے سے قبل خواتین صحافیوں کو مکلی کے تاریخی قبرستان کی سیر بھی کروائی گئی۔ خواتین صحافیوں نے مکلی کے قبرستان میں موجود تاریخی مقبروں کے ساتھ تصاویر بنوائی ۔

کینجھر جھیل پہنچنے پر خواتین کے لئے زبردست ظہرانے کا اہتمام کیا گیا ۔ظہرانے کے بعد خواتین صحافیوں نے کینجھر جھیل پر تفریح سے بھرپور دن گزارا ، کشتی رانی کا بھی لطف اُٹھایا گیا ۔

اس موقع پر خواتین صحافیوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ صحافی برادری کا بھرپور خیال رکھتے ہیں۔

تاہم صرف خواتین صحافیوں کے لئے تفریح سے بھرپور پکنک کے انعقاد پر تمام خواتین ان کی بے حد شکر گزار ہیں۔ مرد صحافیوں کے لیے پکنک کا اہتمام رمضان المبارک کے بعد رکھا جائے گا ۔