حیدرآباد :عید کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کرینگے ،ایپا

631

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایپکا نے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں عید الفطر کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان کردیا ۔آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن سندھ کے رہنما سید منور علی شاہ‘ راجا امام بخش میمن‘ شاہد سومرو‘ عقیل قریشی ودیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں دن بدن مہنگائی بڑھ رہی ہے ملازمین کو مہنگائی کے حساب سے سہولیات نہ دیے جانے کے باعث ملازمت پیشہ افراد سخت پریشان ہیں مہنگائی کے تناسب کے حساب سے سرکاری ملازمین کی 25فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے ‘ ریٹائرڈ ملازمین کوگروپ انشورنس سمیت ملازمین کے بچوں کو سن کوٹے کے تحت نوکریاں دی جائیں۔ انہوںنے کہاکہ سندھ حکومت ملازمین سے کئی مرتبہ وعدہ کرچکی ہے کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں گے لیکن تاحال کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا ملازمین کو ٹائم اسکیل‘ یوٹیلیٹی الاؤنس سمیت انکریمنٹ کی بحالی کو یقینی بنایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ نے مسائل کے حل کے لیے صرف آسرے دیے ہیں اب سنجیدگی سے مسائل حل کیے جائیں بصورت دیگر عید الفطر کے بعد وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کیاجائے گا۔