یورپی حکام کی انقرہ آمد، صدر اردوان سے ملاقات

582
انقرہ: ترک صدر رجب طیب اِردوان یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل اور یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر کا صدارتی محل میں استقبال کر رہے ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی کونسل کے سربراہ چارلس مشیل اور یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈئیر لائن ترکی کے دورے پر انقرہ پہنچ گئیں،جہاں انہوں نے صدر اِردوان سے ملاقات کی۔ خبررساں اداروں کے مطابق صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات پونے 3گھنٹے تک جاری رہی اور اس دوران مارچ 2016 ء کے سمجھوتے کی تجدید، ویزے کی بندش کا خاتمہ اور 25 سال سے جاری کسٹم یونین معاہدے کی تجدید کے معاملات زیر بحث آئے۔ ملاقات سے قبل چارلس مشیل نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انقرہ میں صدر اردوان کے ساتھ تعلقات کے مستقبل کے بارے میں بات چیت ہو گی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں یورپی عہدے داروں نے ملاقات کے دوران مشرقی بحیرئہ روم میں یونان اور قبرص سے جاری تنازع کے ساتھ ترکی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرکے انقرہ حکومت کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کی پچھتر ویں جنرل کمیٹی کے سربراہ وولکان بوزکر بھی ترکی کے دورے پر پہنچے، جہاں مصطفی کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ترکی کا پرچم اقوام متحدہ کے پرچم کے ساتھ جنرل کمیٹی کے صدر دفتر پر لہرا رہا ہے۔ اپنے دورے کے دوران وہ صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں ان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر مصطفی شین توپ اور وزیر خارجہ مولود چاوش اولو کے ساتھ ملاقات کے بعد قومی اسمبلی کی جنرل کمیٹی سے خطاب کریں گے۔ ان کے دورے کا مقصد شمال مغربی شام کے لیے اقوام متحدہ کے سرحد پار انسانی امداد کی کارروائیوںجائزہ لینا ہے۔