ملزم کی ضمانت منظور کرنے پر مشتعل خاتون کی جج کے ساتھ بدتمیزی

249

راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) ضمانت منظور کرنے پر مشتعل خاتون نے سول جج کو ہینڈ پرس دے مارا۔ عدالتی ریڈر راجا کامران کے مطابق خاتون نے پوچھا کہ محمد وقاص کے کیس میں کیا کارروائی ہوئی، جس پر میں نے چیک کر کے بتایا کہ ملزم کی مبینہ جعلی چیک کیس میں ضمانت منظور کر لی گئی ہے، جس پر خاتون مشتعل اور آگ بگولہ ہوگئی اور کہا کہ وہ اس کیس کی مدعیہ ہے۔ خاتون نے بد تمیزی بھی کی، جب کہ جج کو گالیاں دینے لگی کہ ضمانت کیوں منظور کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مشتعل خاتون نے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرنے پر سول جج سردار عمر حسن کو ہینڈ پرس مارنے کے بعد میز پر پڑی فائلیں بھی جج پر اچھال دیں، جس کے بعد جج سماعت ادھوری چھوڑ کر چیمبر میں چلے گئے۔ بعد ازاں خاتون کے شور شرابے پر پولیس پہنچ گئی، جس نے خواتین پولیس کے ذریعے اسے گرفتار کیا اور عدالتی ریڈر کی درخواست پر خاتون کے خلاف دہشت گردی ایکٹ اور دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔